بنٹوال 2؍نومبر (ایس او نیوز)نیشنل ہائی وے 77پر کلاڈکا کے قریب ایک دل کو دہلانے والا کار حادثہ پیش آیا مگر خوش قسمتی سے مسافر بال بال بچ گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک سوفٹ کار میں ایک فیملی منگلورو سے بنگلورو جارہی تھی۔ ان کے پیچھے ایک اومنی کار بھی چلی آرہی تھی۔ جس پر لوہے کی سلاخیں لدی ہوئی تھیں۔
کہا جاتا ہے کہ اچانک سوفٹ کار کے سامنے سڑک پر بڑا سا گڈھا آگیا جس سے بچنے کے لئے ہڑبڑاہٹ میں کار کی رفتار فوری طور پر کم کردی گئی ، یہ دیکھ کرپیچھے والی اومنی کار کو بھی بریک لگایا گیا مگر اس کے باوجود اس پر لدی ہوئی لوہے کی سلاخیں سوفٹ کار کے پچھلے شیشے سے اندر گھس گئیں اور سامنے کے شیشے (ونڈ اسکرین) سے باہر نکل گئیں۔ سوفٹ کا ر کی پچھلی سیٹ پر ایک لڑکا بیٹھا ہواتھا جبکہ اس کی ماں اگلی سیٹ پر تھی اور باپ کار ڈرائیور کررہا تھا۔ یہ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ صرف چند سنٹی میٹر اوپر سے گزرنے کی وجہ سے یہ سلاخیں کار مسافروں کے سر وں میں گھسنے سے رہ گئیں۔اور خوش قسمتی سے انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔
حادثے کے بعد بڑی دیر تک ٹریفک میں خلل واقع ہوا۔ وٹھل پولیس تھوڑی تاخیرسے موقع پر پہنچنے کے بعد میں سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت کا بحال کردیا۔